ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / یوپی اسمبلی الیکشن :کانگریس نے شیلا دکشت کو وزیر اعلی کے عہدے کا امیدواربنانے کا اعلان کیا 

یوپی اسمبلی الیکشن :کانگریس نے شیلا دکشت کو وزیر اعلی کے عہدے کا امیدواربنانے کا اعلان کیا 

Fri, 15 Jul 2016 14:49:15  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 14؍جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )تمام قیاس آرائیوں پر بریک لگاتے ہوئے کانگریس نے آئندہ سال کے شروع میں ہونے والے اترپردیش اسمبلی انتخابات کے لیے آج شیلا دکشت کو وزیر اعلی کے عہدے کے لیے پارٹی کا امیدوار اعلان کر دیا۔پارٹی نے کہا کہ شیلا کو ان کے تجربہ اور دہلی میں 15سالوں تک حکومت چلانے کے دوران ان کے اچھے کاموں کی وجہ سے یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے۔اتر پردیش میں پارٹی امور کے انچارج اور جنرل سکریٹری غلام نبی آزاد نے کہا کہ دہلی میں مسلسل تین بار وزیر اعلی رہنے کے دوران شیلا کی اچھی ساکھ کو دیکھتے ہوئے انہیں پارٹی کا چہرہ بنانے کا فیصلہ کیا گیاہے ۔کانگریس کے لیے انتخابی حکمت عملی بنانے والے پرشانت کشور کی طرف سفارش کی گئی تھی کہ شیلا کو ایک بڑے برہمن چہرے کے طور پر پیش کرکے ریاست میں پارٹی کی انتخابی مہم میں بڑا کردار ادا کرنے دینا چاہیے تاکہ ووٹوں کے لحاظ سے اہم برہمن سماج کی حمایت کانگریس کو دوبارہ حاصل ہو سکے۔غورطلب ہے کہ پنجابی کھتری خاندان میں پیداہوئیں 78سالہ شیلا اترپردیش میں کانگریس کے قدآور لیڈر رہے اوما شنکر دیکشت کی بہو ہیں۔اوما شنکر دکشت ریاست کے بڑے برہمن لیڈر تھے جنہوں نے مرکزی وزیر اور گورنر کے طور پر طویل عرصے تک خدمات انجام دی ہیں ۔2013کے دہلی اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کے عروج کے ساتھ ہی دہلی میں وزیر اعلی کے طور پر شیلا کا سیاسی سفر ختم ہوگیاتھا۔کانگریس کو اس الیکشن میں بری طرح شکست کاسامنا کرنا پڑا تھا اور اسے 70رکنی دہلی اسمبلی میں محض 8 سیٹیں ہی مل پائی تھیں ۔گزشتہ دنوں اداکار اور سابق ممبر پارلیمنٹ راج ببر کو اتر پردیش کانگریس کا صدر بنانے کے پارٹی کے فیصلے کے بعد شیلا کو وزیر اعلی کے عہدے کا امیدوار بنایا گیا ہے۔


Share: